بیلتنگڈی،4؍جنوری (ایس او نیوز) گرام پنچایت نتائج کے دوران اجیرے میں پاکستان حامی نعرے بازی کا جومعاملہ پیش آیا تھا اس نے اب ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے جس میں ایک ہندو رضاکار نوجوان اور ایس ڈی پی آئی نے ایک دوسرے کے خلاف شکایتیں درج کروائی ہیں۔
ہندو نوجوان نے بیلتنگڈی پولیس اسٹیشن میں ایس ڈی پی آئی کارکنان کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے کہا ہے کہ سوشیل میڈیا پر اس کی تصویر کےساتھ یہ رپورٹ عام کی جارہی ہے کہ اجیرے میں جو پاکستان حامی نعرے بازی ہوئی تھی وہ اسی نے کی تھی۔ہندو نوجوان کا کہنا ہے کہ یہ ایک سراسر جھوٹا الزام ہے اور اس کے کردار کو داغدار کرنے کے لئے پھیلا یا جارہا ہے۔
دوسری طرف ایس ڈی پی آئی کارکنان کی طرف سے دوسری شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجیرے میں پاکستان حامی نعرے بازی ہندو نوجوانوں کی طرف سے کی گئی تھی اور یہ ہندونوجوان اب ایس ڈی پی آئی کے کارکنان کو مورد الزام ٹھہرارہے ہیں۔
بیلتنگڈی پولیس اب ان دونوں شکایتوں کے پس منظر میں تحقیقات کررہی ہے۔